کوئٹہ(این این آئی)ملک بھر کی طرح آج بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں جشن آزادی جوش و خروش سے منایا جائے گا کوئٹہ سمیت دیگر شہریوں کو سبز ہلالی پرچموں اورجشن آزادی کے حوالے سے پینا فلکس اور بینرز سے سجادیا گیا صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دن کا آغاز 21توپوں کی سلامی اور مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاوں سے ہوگا جشن آزادی کی مناسب سے پرچم کشائی کی سب سے بڑی تقریب بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار پرمنعقد ہوگی جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزراء صبح 8بجے پرچم کشائی کریں گے اسکے علاوہ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ روزی خان بڑیچ صبح 9بجے بلوچستان ہائیکورٹ کی عمارت میں پرچم کشائی کریں گے اسکے علاوہ بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز میں پرچم کشائی کی تقریب ساڑھے 9بجے ہوگی۔ 78ویں جشن آزادی کے موقع پر اہم سرکاری عمارتوں گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس، بلوچستان اسمبلی، کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن،بلوچستان ہائیکورٹ سمیت دیگر اہم عمارتوں کو رنگ برنگے قمقوں سے سجایا گیاہے کوئٹہ میں جشن آزادی کے موقع پر کسی بھی ممکنہ تخریب کاری کے خطرے کے پیش نظر موٹرسائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی اورمنہ پرماسک لگانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ پولیس،فرنٹیر کوربلوچستان کے اہلکاروں نے جگہ جگہ ناکے لگاکر مشکوک گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چیکنگ شروع کردی گئی ہے دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر درجنوں موٹرسائیکلوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

