دالبندین(این این آئی)14 اگست جشنِ آزادی کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس دالبندین کے احاطے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر چاغی عطاء المنیم بلوچ نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ قومی ترانہ بجایا گیا۔تقریب میں بریگیڈیئر سجاد علی (کمانڈنٹ دالبندین رائفلز)، ایس پی چاغی عثمان سدوزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نظام رحیم، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نارکوٹکس چاغی کے آفیسر محمد قاسم نوتیزئی سمیت ضلع بھر کے افسران اور معزز قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء میں ڈی سی آفس سپرنٹنڈنٹ حاجی رحمت اللہ نوتیزئی، حاجی ملک محمد آصف قمبرزئی، بابو شریف نوتیزئی اور دیگر معتبر شخصیات بھی شامل تھیں۔پرچم کشائی کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور پرْمسرت فضاء میں ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران شرکاء نے ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگیں۔

