اسلام آباد (این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے حالیہ بارشوں اور طوفانی موسم کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات ایک کڑی آزمائش ہوتی ہیں، اور ایسے مواقع پر پوری قوم کو یکجہتی، ہمدردی اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔سیدال خان نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہے، اور وفاقی و صوبائی حکومتیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں اور متاثرین کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق ریسکیو ٹیمیں دن رات متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہیں، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، اور نقصانات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔سیدال خان نے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن امداد فراہم کریں اور بحالی کے عمل کو تیز کریں۔ ساتھ ہی عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں دل کھول کر متاثرین کی مدد کریں، تاکہ وہ جلد از جلد اپنی معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی، اور اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت باہمی تعاون اور اتحاد کا ہے، اس لیے سیاسی و سماجی قوتوں کو اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔

