کوئٹہ میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لیے تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے،شاہزیب خان کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی)کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت صفاء کوئٹہ پراجیکٹ کے مالیاتی امور، شہر میں صفائی کی صورتحال اور یونین کونسلز کی منتقلی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن(ر) مہر اللہ بادینی،چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن عطاء اللہ،اسسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویشن کلیم اللہ کے علاؤہ صفاء کوئٹہ،محکمہ خزانہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صفاء کوئٹہ کی جانب سے شہر میں صفائی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور ڈور ٹو ڈور کلیکشن، مشینری کی دستیابی، روزانہ کی بنیاد پر پیدا ہونے والے کچرے اور لینڈ فل مینجمنٹ کے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صفاء کوئٹہ پراجیکٹ نے اس سال دو لاکھ بس ہزار ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ اٹھایا ہے جبکہ روزانہ تقریباً 900 ٹن کچرا ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔ کمشنر کوئٹہ نے ہدایت دی کہ شہر میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لیے تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے، مشینری کو مکمل فعال رکھا جائے اور لینڈ فل مینجمنٹ کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی یونین کونسلز میں روزانہ پیدا ہونے والے کچرے کی مقدار کا تعین کرنے کے لیے تحقیقی عمل شروع کیا جائے تاکہ اس کے مطابق خصوصی اقدامات کیے جا سکیں۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مرکزی انجمن تاجران اور مختلف ہاؤسنگ اسکیموں نے ڈور ٹو ڈور کلیکشن سروس کے آغاز میں دلچسپی ظاہر کی ہے، لہٰذا صفا کوئٹہ پروجیکٹ جلد از جلد اس نظام کو عملی جامہ پہنائے تاکہ مالیاتی مسائل بھی حل ہوں اور شہر کی صفائی میں بہتری آئے۔کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں، کوڑا کرکٹ گلی محلوں میں پھینکنے کے بجائے مخصوص جگہوں اور کوڑا دان میں ڈالیں تاکہ اسے درست طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے، اس کی خوبصورتی اور بہتری کے لیے ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں