خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے، قوم متاثرین کے ساتھ کھڑی ہو: چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم نے حالیہ بارشوں اور طوفانی موسم کے باعث خیبر پختونخوا سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی آفات ایک کڑی آزمائش ہوتی ہیں، اور ایسے مواقع پر پوری قوم کو یکجہتی، ہمدردی اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے،مسلم لیگ(ن) کی مرکزی حکومت متاثرین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہیخیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال اور 320سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات انسانی بس سے باہر ہیں مگر ان کے اثرات پوری پاکستانی قوم کو ایک دوسرے کے قریب کر دیتے ہیں مشکل کی اس گھڑی میں خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے سیلاب اور بارشوں سے متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ کیا ہے اورجاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو فی کس 20،20لاکھ روپے امدادکا اعلان کیا ہے۔چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر سیلاب اور بارشوں کے متاثرین کی دوبارہ بحالی کیلئے کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے سیلابی ریلوں میں ڈوب کرجاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انکے درجات کی بلندکی اورذخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کوبھی دل کھول کر اپنے متاثرہ بھائیوں کی امداد کرنی چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں