لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں انتہائی اہم اجلاس منعقد ہوا-قائمقام چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور اور ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے اجلاس میں شرکت کی – ویڈیو لنک کے ذریعے سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، سیکرٹری محکمہ اری گیشن، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بھی اجلاس میں شرکت کی -صوبائی وزیر نے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور پوٹھوہار میں بھیجے جانے والے امدادی سامان کا بھی جائزہ لیا-اجلاس میں ممکنہ طوفانی بارشوں، فلیش فلڈنگ اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا -سیکرٹری اری گیشن، ایمرجنسی سروسز، کمشنر راولپنڈی ڈویژن، کمشنر ڈی جی خان ڈویژن، کمشنر سرگودھا ڈویژن اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس کو تازہ صورتحال سے آگاہ کیا-صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود ساری صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہی ہیں -وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مون سون کے ساتویں سپیل کیلئے تیاریوں کا جائزہ اجلاس بلایا گیا ہے- متاثرہ علاقہ جات میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کر دیا گیا ہے-متاثرہ علاقہ جات میں آبادیوں کو متبادل محفوظ مقامات پر با حفاظت منتقل کیا جا رہا ہے-صوبہ بھر میں دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو بھی مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے-متاثرہ علاقہ جات میں ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں -پوٹھوہار ریجن میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے حوالہ سے بھی الرٹ جاری کر چکے ہیں – خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبے بھر کے کمشنرز، ڈی سیز اور متعلقہ محکمہ جات کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ کر دیا گیا ہے-راولپنڈی ریجن کیلئے مزید ریسکیو و ریلیف کا سامان فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے-متاثرہ علاقہ جات میں شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں -ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہیں – قائمقام چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور نے کہاکہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود آبادیوں کے انخلاء کو یقینی بنایا جا رہا ہے-ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہاکہ دریاؤں کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے- ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہاکہ ندی نالوں کے اطراف آبادیوں کو ممکنہ خطرے کی پیش نظر آگاہی فراہم کر رہے ہیں -مری گلیات میں شہریوں سے غیر ضروری سفر نہ کرنے کی اپیل کی جاتی ہے-خستہ حال عمارتوں میں مقیم شہریوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے-

