چند گھنٹوں کی بارش نے شہر قائد کے ترقیاتی منصوبوں میک اپ اتار دیا، مولانا نورالحق

کراچی (این این آئی)جمعیت علمائے اسلام ضلع جنوبی کراچی کے امیرشیخ الحدیث مولانا نورالحق نے کہا ہے کہ چند گھنٹوں کی بارش نے شہر قائد میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا میک اپ اتار دیا ہے،بارش کے دوران شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں اور یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے کراچی میں کشتی سروس شروع کرنے کی ضرورت پڑ گئی ہو،،لیاری کو پیرس بنانے کے دعویداروں نے اسے عطا آباد جھیل میں تبدیل کر دیا۔انہوں نے کہا کہ بارش کے بعد لاکھوں شہری دفاتر اور گھروں میں یرغمال بنے رہے، خواتین اور بچے اذیت ناک صورتحال سے دوچار رہے جبکہ مریض اسپتال نہ پہنچ سکے۔ محکمہ موسمیات کے الرٹ کے باوجود متعلقہ اداروں کی غیر فعالیت افسوسناک ہے۔مولانا نورالحق نے کہا کہ ضلع جنوبی کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور نکاسی نہ ہونے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ صفائی کے ادارے کہیں نظر نہیں آئے۔ سیوریج کا نظام پہلے ہی ابتر تھا، بارش نے صورتحال مزید سنگین کر دی ہے اور گلی محلوں میں گزرنا محال ہو گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ادارے، کے ایم سی، سالڈ ویسٹ اور ٹی ایم سی لیاری و صدر ایک دوسرے پر ذمہ داریاں ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ منتخب نمائندے بھی عوام کو تنہا چھوڑ کر غائب ہیں۔مولانا نورالحق نے کہا کہ برساتی نالوں کی قبل ازوقت صفائی اور نکاسی آب کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے گئے۔ بارش کی بوند پڑتے ہی بجلی کا غائب ہو جانا شہریوں پر مزید ظلم کے مترادف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں