بلیدہ میں پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ سروس کی بندش، صارفین شدید پریشان

بلیدہ (کیچ رپورٹ مبارک علی) بلیدہ کے مختلف علاقوں سلو، چھب، بٹ، کورے پشت اور ریکےسر کے شہریوں نے پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ سروس کی ناقص کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مقامی صارفین کے مطابق گزشتہ پندرہ دنوں سے روزانہ رات آٹھ بجے سے صبح آٹھ بجے تک انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند رہتی ہے، جس کے باعث طلبہ، کاروباری افراد اور دیگر صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات درج کروانے کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔ پی ٹی سی ایل عملے کی جانب سے بتایا جاتا ہے کہ ایکسچینج کی بیٹری خراب ہے، تاہم دو ہفتے گزرنے کے باوجود خرابی دور نہیں کی گئی۔
متاثرہ صارفین نے شکوہ کیا ہے کہ وہ ہر مہینے تین سے چار ہزار روپے بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں معیاری سروس فراہم نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے پی ٹی سی ایل حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر وہ تربت میں پی ٹی سی ایل دفتر کے سامنے قانونی احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں