تربت (کیچ رپورٹ مبارک علی) یونین کونسل سنگ قلات میں حالیہ بارشوں سے شدید نقصانات، چیئرمین ظریف زدگ بلوچ کا متاثرہ علاقوں کا دورہ بی این پی عوامی کے مرکزی رہنما اور یونین کونسل سنگ قلات کے چیئرمین، ظریف زدگ بلوچ نے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے یونین کونسل کے مختلف وارڈوں کا ہنگامی دورہ کیا۔
بارشوں کے باعث علاقے میں کچی دیواریں منہدم ہو گئیں جبکہ متعدد بجلی کے کھمبے بھی زمین بوس ہو چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یوسی سنگ قلات کے گاؤں مزاری کہن میں تین، جبکہ دیگر علاقوں میں مجموعی طور پر چھ سے سات ایل ٹی اور ایچ ٹی کھمبے گر چکے ہیں۔ اس نقصان کے باعث “میری قلات” فیڈر سے بجلی کی فراہمی گزشتہ روز سے منقطع ہے، جس کے باعث عوام کو پانی سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
چیئرمین ظریف زدگ بلوچ نے واپڈا آفیسران سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور بجلی کی فوری بحالی کی اپیل کی۔ واپڈا حکام نے یقین دہانی کروائی ہے کہ یونین کونسل سنگ قلات سمیت متاثرہ فیڈر کی بجلی جلد بحال کر دی جائے گی۔
عوامی حلقوں نے چیئرمین کے بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
Load/Hide Comments

