بلوچستان حکومت کی عزم کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں خواتین کے لیے خصوصی “پنک بس سروس” جلد شروع کر دی جائے گی،ڈاکٹر ربابہ بلیدی

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی عزم کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں خواتین کے لیے خصوصی “پنک بس سروس” جلد شروع کر دی جائے گی انہوں نے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے گرین بسوں کے ساتھ پانچ خصوصی پنک بسیں متعارف کرائی ہیں جو جلد ہی کوئٹہ کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ یہ بسیں صرف خواتین کے لیے مختص ہوں گی تاکہ انہیں تعلیم، ملازمت اور روزمرہ سرگرمیوں کے لیے سفر کے دوران ایک محفوظ، آرام دہ اور باوقار ماحول میسر آسکے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کو ٹرانسپورٹ کے مسائل کی وجہ سے اکثر اپنی تعلیم یا روزگار سے سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے۔ اس نئی سہولت کے آغاز سے نہ صرف ان کے سفر میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ معاشرے میں خواتین کی شمولیت اور خود مختاری کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی بلوچستان کی مجموعی ترقی کی ضامن ہے اور حکومت خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ پنک بس سروس کا آغاز خواتین کے لیے ایک نئے دور کی شروعات ثابت ہوگا اور یہ اقدام بلوچستان حکومت کے ویژن کے مطابق خواتین کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی عملی مثال ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں