کوئٹہ(این این آئی)حکومت بلوچستان نے لسبیلہ، اوتھل کے قریب پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے ایک بیان میں کہا کہ اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں حکومت برابر کی شریک ہے اور اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے ترجمان نے کہا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ امدادی سرگرمیوں کو فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ متاثرین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچایا جا سکے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نعشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد وقت کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ شاہرات پر سفر کرتے وقت ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

