کوئٹہ(این این آئی) ایگزیکٹو کمیٹی برائے نیشنل اکنامک کونسل (ECNEC) کا ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں بلوچستان سے ممبر ایکنک و صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، اجلاس کا مقصد جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر اسلام آباد کی تعمیر کے حوالے سے ایکنک کے ممبران سے مشاورت اور منظوری تھا، اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں اور خصوصاً ہسپتال کی تعمیر سے عوام کو اپنے ہی علاقوں میں بیماریوں کا علاج اور دیگر صحت کے سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی، انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے لہذا اس حوالے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے واضح ہدایات ہیں کہ عوامی مفادات کے منصوبوں کی منظوری اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، صوبائی وزیر آبپاشی نے مزید کہا کہ جاری و مجوزہ منصوبوں اور خصوصاً ہسپتال کی مقررہ مدت میں تکمیل سے جہاں عوام کو فائدہ پہنچے گا وہیں اضافی فنڈز کے حصول میں مشکلات کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑے گا،اجلاس میں مجوزہ جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر اسلام آباد کی تعمیر کے حوالے سے شرکاء کو منصوبے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ہسپتال اہک ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا جس میں ایکیوٹ کیئر، انتہائی نگہداشت اور آؤٹ پیشنٹ کلینک شامل ہوں گے، اجلاس میں ہسپتال کی تعمیر پر کل لاگت، تکمیل کی مدت اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں ہسپتال کی اہمیت، ضرورت اور افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کی منظوری دی گئی۔

