کوئٹہ(این این آئی)بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور تنظیم کے چار دیگر عہدیداروں کے ریمانڈ میں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے مزید 15روز کی توسیع کر دی ہے تاہم ان رہنماؤں کے ساتھ گرفتار ہونے والے سینئر سیاسی کارکن عبدالغفار بلوچ کو گزشتہ روز رہا کردیا گیا تھا۔ڈاکٹر ماہ رنگ کے علاوہ بی وائی سی کی دیگر رہنماؤں بیبو بلوچ، گْلزادی بلوچ، صبغت اللہ عرف شاہ جی اور دونوں پیروں سے مفلوج بیبرگ بلوچ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کوئٹہ ون میں جمعہ کے روز سخت سکیورٹی میں پیش کیا گیا۔استغاثہ کی جانب سے ان کی ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست کی گئی جس کی بی وائی سی کے قید رہنماؤں کے وکلا نے مخالفت کی۔تاہم مختلف ایف آئی آرز کے تحت درج مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج محمد علی مبین نے ان کی ریمانڈ میں مزید 15یوم کی توسیع کی۔

