خضدار(این این آئی) خضدار ون ویلنگ کے خلاف پولیس و لیویز کی مشترکہ کارروائی، متعدد موٹرسائیکلیں تھانے منتقل۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر عوامی شکایات کے بعد ڈپٹی کمشنر خضدار یاسراقبال دشتی اور ایس ایس پی خضدار شہزادہ عمر عباس بابر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی زمان پندرانی اور محرر ریاض احمد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ کارروائی زیروپوائنٹ سمیت مختلف مقامات پر کی گئی جہاں ون ویلنگ میں ملوث متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر کے ان کی موٹرسائیکلیں ضبط کر لی گئیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ یہ نہ صرف نوجوانوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالتی ہے بلکہ دیگر شہریوں کے لیے بھی سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔ حکام کے مطابق ون ویلنگ کے باعث ماضی میں کئی حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خطرناک عمل کی حوصلہ شکنی کریں اور اپنی نئی نسل کو ایسے کھیلوں سے دور رکھنے میں کردار ادا کریں۔

