ترقی کوئی منزل نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل کا نام ہے جس کیلئے مشترکہ کوششوں اور خدمت خلق کے جذبہ کی اشد ضرورت ہے،گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل

کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ میں اپنی طویل سیاسی جدوجہد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ ترقی کوئی منزل نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل کا نام ہے جس کیلئے مشترکہ کوششوں اور خدمت خلق کے جذبہ کی اشد ضرورت ہے. اس ضمن میں ضروری ہے کہ ہم موجودہ اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک روشن مستقبل کی تعمیر و ترقی کی خاطر ملکر کر کام کریں. ہم تمام اضلاع میں یکساں اور متوازن ترقی پر یقین رکھتے ہیں لہٰذا کسی علاقے کو پیچھے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ واضح رہے کہ مستونگ کے باشندے مساوی مواقعوں اور سہولیات تک رسائی کے برابر مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن مستونگ کے رہنماء پسند خان علیزئی کی قیادت میں مختلف سرکردہ سماجی اور سیاسی افراد پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ روز اول سے گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھے ہیں۔ میں اور میری ٹیم دن رات غریب اور محروم لوگوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں اور عوام کے خدشات، شکایات اور خیالات کو باقاعدہ سنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شخصیات کو عوام میں موجود نفرتوں، دوریوں اور تنازعات کو دور کرنے کیلئے کوششیں کرنے ہونگے اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ سب عوام برابری کی بنیاد پر دستیاب مواقع اور سہولیات سے مستفید ہو سکیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہمارا مسقبل بہت روشن ہے. ضروری ہے کہ ہم امید کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں۔ ہم دنیا کو دکھا سکتے ہیں کہ ہم مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے ملکر کام کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں