بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ضلع چاغی کے ہیڈکوارٹر دالبندین میں ڈیٹا نیٹ سروس بحال

نوکنڈی(این این آئی) بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ضلع چاغی کے ہیڈکوارٹر دالبندین میں ڈیٹا نیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے، تاہم ایم پی اے چاغی و سابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے آبائی شہر نوکنڈی میں اب تک ڈیٹا نیٹ کی بندش برقرار ہے، جس سے صارفین، کاروباری طبقے اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ نوکنڈی مختلف قبائل کا ایک پْرامن گلدستہ ہے جو اپنی بھائی چارگی اور باہمی ہم آہنگی کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے، مگر یہاں انٹرنیٹ کی عدم دستیابی شہریوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ محدود سہولیات کے باعث پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ بھی دستیاب نہیں جبکہ ڈی پیز نہ ہونے کی وجہ سے نئے کنکشن لگوانا ناممکن ہے۔ شہریوں نے ایم پی اے چاغی محمد صادق سنجرانی سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر نوکنڈی میں ڈیٹا نیٹ بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ عوام جدید سہولیات سے مستفید ہو سکیں اور طلبہ اپنی تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں