کوئٹہ (این این آئی) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے صوبہ بھرمیں تمام زرعی ٹیوب ویل کنکشنزکی شمسی توانائی پر منتقلی کے فیز فو رمنصوبہ پرکام مکمل کرکے تمام زرعی کنکشنز کیسکونیٹ ورک سے منقطع کردئیے ہیں۔شمسی توانائی پر منتقلی کے فیز فور کیلئے حکومت کی جانب سے 24.5بلین روپے جاری کردئے گئے تھے جس کے بعد کیسکونے فیز فورمیں شامل 12ہزار250زرعی کنکشنز منقطع کردئیے جبکہ اس منصوبہ میں 698ایچ ٹی کھمبے اور 2370زرعی ٹرانسفارمرزاوران سے منسلک دیگر برقی آلات متعلقہ جگہوں سے اُتاردئیے گئے۔واضح رہے کہ زرعی کنکشنوں کی شمسی توانائی پر منتقلی منصوبہ کے پہلے مرحلہ(یعنی فیز ون) میں شامل زمینداروں کوحکومت کی جانب سے 5.4بلین روپے کی ادائیگی کے بعد کیسکونے زرعی کنکشنز منقطع کرنے کاکام 20دسمبر2024میں شروع کرکے 17جنوری 2025کو مکمل کرلیاجس میں 2699رجسٹرڈزرعی کنکشنزجبکہ 513غیر قانونی زرعی کنکشنز شامل تھے۔ اس منصوبہ کے دوسرے مرحلے (یعنی فیزٹو)کے تحت3729زرعی صارفین کوحکومت کی جانب سے7.4بلین روپے سولرائزیشن کی مدمیں جاری ہونے کے بعد کیسکونے 3729رجسٹرڈزرعی کنکشنز کے علاوہ 933غیر قانونی ٹیوب ویل کنکشنزسمیت 4662زرعی کنکشنز کیسکو نیٹ ورک سے منقطع کردئیے۔ اسی طرح اس منصوبہ کے تیسرے مرحلے(یعنی فیزتھری)کے تحت کیسکوٹیموں نے مجموعی طورپر7000 زرعی کنکشنزمنقطع کردئیے۔جن کو حکومت کی جانب سے 14ارب روپے جاری کردئیے گئے تھے۔سولرائز یشن منصوبہ کے فیز فور کیلئے حکومت کی جانب سے 24.5بلین روپے جاری کرنے کے بعد کیسکونے فیز فورمیں شامل 12ہزار250زرعی کنکشنز منقطع کردئیے۔اس طرح مجموعی طورپر صوبہ میں اب تک25ہزار678زرعی کنکشنز منقطع کردئیے گئے ہیں اسکے علاوہ 8905زرعی ٹرانسفارمرزجبکہ 4716ایچ ٹی کھمبے اور ان سے منسلک دیگربرقی آلات ہٹادئیے گئے ہیں تاکہ یہ زرعی کنکشنز دوبارہ کیسکونیٹ ورک سے منسلک نہ ہوسکیں۔ کیسکونے شمسی توانائی پرمنتقل ہونیوالے اُن تمام زرعی صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام زرعی صارفین جنہیں حکومت کی جانب سے رقوم منتقل ہوچکے ہیں اور انہوں نے اب تک اپنے زرعی ٹرانسفارمرزاور دیگر برقی آلات کیسکوکے حوالے نہیں کئے ہیں اُنھیں اطلاع دی جاتی ہے کہ وہ جلد ازجلد اپنے زرعی ٹرانسفارمرز،ایچ ٹی کھمبے ودیگر برقی آلات واپس کرنے کے عمل میں کیسکوٹیموں سے تعاون کریں تاکہ یہ منصوبہ جلد ازجلد مکمل کیاجاسکے۔

