تربت (کیچ رپورٹ مبارک علی) کیچ آرٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کے رابطہ کمیٹی کی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات و دعوت
کیچ آرٹس فیسٹیول کی رابطہ کمیٹی نے فیسٹیول منیجر التاز سخی کی قیادت میں نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی اور انہیں آئندہ فیسٹیول میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ یہ ملاقات پیر کے روز ان کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں کمیٹی کے ارکان مقبول ناصر، قدیر لقمان، عومر ہوت، غلام اعظم دشتی، للہ بلوچ، حافظ صلاح الدین سلفی، پھلان خان اور مبارک بلوچ شریک تھے، جبکہ نیشنل پارٹی کے رہنما انور اسلم اور نعیم عادل بھی موجود تھے۔
کمیٹی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو فیسٹیول کے پروگرامز کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی سرپرستی میں کیچ کلچرل سینٹر تربت میں ستمبر کے دوسرے عشرے میں آرٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول منعقد کیا جائے گا۔ اس میں ادبی و ثقافتی موضوعات پر پینل ڈسکشنز، بزنس اور انٹرپرینیورشپ کے سیشنز، موسیقی کے پروگرام، مشاعرہ، مالد شے پرجاو سمیت دیگر سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ تربت اور کیچ خطہ ہمیشہ سے ادبی و ثقافتی مرکز رہا ہے اور آرٹس فیسٹیول کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ایسی مثبت سرگرمیوں کی حمایت اور فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ نے فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی دیں اور کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ فیسٹیول کو صرف تفریح تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ ادب، ثقافت، بزنس، انٹرپرینیورشپ اور تعلیم جیسے اہم موضوعات کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے نئی نسل کو حقیقی فائدہ پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدلتے وقت کے تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم اور بزنس پر توجہ دینا ناگزیر ہے اور اس پہلو کو فیسٹیول کا حصہ بنانا معاشرے کی ترقی کے لیے اہم قدم ہے۔
فیسٹیول منیجر اور کمیٹی ارکان نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی تجاویز اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی سرپرستی سے فیسٹیول مزید مؤثر اور کامیاب ہوگا۔
Load/Hide Comments

