بلوچستان کا مسئلہ دہشت گردی نہیں معاشی ہے،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ دہشت گردی نہیں بلکہ معاشی ہے اگر حکمران پڑھے لکھے نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی یقینی بنائے تو ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان امن جرگے کے دفتر میں ملاقات کرنے والے نوجوانوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ ملک اور خاص کر بلوچستان کی آبادی ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود ڈگریاں ہاتھوں میں لئے روزگار کیلئے دربدرکی ٹھوکریں کھارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرعام سرکاری ملازمتیں فروخت ہورہی ہیں جس سے تعلیم یافتہ نوجوان مایوسی کا شکار ہوکربے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں جو کسی بھی طرح ملک اور بلوچستان کے مفاد میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا مسئلہ دہشت گردی نہیں ہے بلکہ معاشی اور بے روزگاری ہے جس پر حکمرانوں اورصاحب اقتدار کو خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اکثر عوام کا روزگار بارڈر سے وابستہ تھا لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے بارڈر بند ہونے سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں اورانکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑچکے ہیں اوروہ ملک دشمن عناصرکے ہاتھوں چڑھ کر غلط راستے پر چل نکلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ بلوچستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں تاکہ وہ ملک دشمن عناصر کے ہاتھ چڑھنے سے بچ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں