کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیؐ کی ولادت باسعادت کے بابرکت مہینے کی آمد پر پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رسول اکرمؐ کی ذات اقدس پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے،وفاقی حکومت کا 1447ہجری کو حضور نبی کریمؐ کے1500ویں ولادتِ باسعادت کے طور پر منانے کا فیصلہ خوش آئند ہے قوم عشرہ رحمت للعالمینﷺ کی تقریبات میں بھرپور شرکت کرے، بابرکت موقع کو قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور خیر و برکت کا ذریعہ بنائے۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ سرور کائنات ؐ نے انسان کو انسان کا غلام بنانے والی جاہلیت کا خاتمہ کرکے صرف ایک اللّٰہ تعالیٰ کی بندگی اور اسی کے سامنے سربسجود ہونے کا درس دیا آپ ؐنے دنیا کو اخوت، محبت، ایثار، قربانی، مساوات اور امن کی ایسی تعلیمات عطا فرمائیں جو تا قیامت بنی نوع انسان کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں، قرآن کریم میں ارشاد ہے’اور ہم نے آپ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐکی سیرت قرآن مجید کا عملی نمونہ ہے انہوں نے کہاکہ یہ ہمارے لیے باعث سعادت اور خوش بختی ہے کہ ہم حضور اکرم ؐ کے امتی ہیں آپ ؐکی محبت ہمارے دلوں میں رچی بسی ہے جو کبھی کسی بھی صورت میں ہمارے دلوں سے نہیں مٹ سکتی اس محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالیں، آپ ؐکے عطا کردہ اخلاق، عدل، برداشت، رواداری اور ایثار کو اپنائیں اور معاشرے میں امن، بھائی چارے اور اتحاد کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے سال 1447 ہجری کو حضور اکرم ﷺ کے1500ویں ولادتِ باسعادت کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے یہ موقع نہ صرف ہمارے لئے ایک عظیم روحانی اور تاریخی اعزاز ہے بلکہ قومی وحدت اور مذہبی ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کا ایک شاندار موقع بھی ہے اس موقع پر ملک بھر میں یکم تا 12 ربیع الاول “عشرہ رحمت للعالمینﷺ” منایا جائے گا۔

