کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی آپریشن ٹیم نے خیزی چوک مشرقی بائی پاس پرکریک ڈاؤن کرتے ہوئے بوتل بند پانی اور مشروبات کی جعلی لیبلنگ کا دھندہ بے نقاب کر دیا۔ آپریشن کے دوران ایک غیر قانونی لیبل سیلنگ یونٹ کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر سیل کر دیا گیا۔انسپیکشن کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ جعلی اور غیر رجسٹرڈ منرل واٹر اور جوس برانڈز کے لیبلز مختلف یونٹس کو سپلائی کیے جا رہے تھے جبکہ یہی لیبلز کوئٹہ شہر میں بڑے پیمانے پر غیر معیاری اور غیر محفوظ بوتل بند پانی و جوس کی تیاری میں استعمال کیے جارہے تھے جو نہ صرف قوانین کی سنگین خلاف ورزی بلکہ شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔کارروائی کے دوران غیر رجسٹرڈ اور جعلی برانڈز کے لیبلز اور پلاسٹک کی ہزاروں خالی بوتلیں برآمد کر لی گئیں۔لیبلز پر غذائی معلومات اور حقائق کے بارے میں گمراہ کن دعوے درج تھے جبکہ یونٹ کا کسی قسم کا لائسنس، لیبارٹری رپورٹس یا قانونی دستاویزات فراہم نہ کیے گئے،یونٹ میں کرسٹلائن مائع معدنیات کو براہِ راست دھوپ میں ذخیرہ کیا جا رہا تھا جو مقررہ معیار کے برعکس ہے یونٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ مختلف برانڈز کے لیبلز و خالی بوتلیں ضبط کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے، وقار خورشید عالم کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ مشروبات اور بوتل بند پانی کی جعلی لیبلنگ شہریوں کی صحت کے ساتھ کھلا کھلواڑ ہے۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی ایسی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔ عوام کو غیر معیاری اور جعلی مصنوعات سے بچانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہماری اولین ترجیح شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت مند خوراک کی فراہمی ہے۔ڈائریکٹر آپریشنز بی ایف اے، محمد ریاض ناصر کا تمام تر کارروائی کی نگرانی کے موقع پر کہنا تھا کہ جعلی لیبلنگ کے ذریعے غیر معیاری پانی اور مشروبات تیار کرنے والوں کا نیٹ ورک منظم طریقے سے کام کر رہا تھا جسے بی ایف اے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بے نقاب کر دیا۔ بی ایف اے کی آپریشن ٹیمیں ناقص و جعلی خوردنی مصنوعات کی فراہمی کے خلاف ہمہ وقت چوکس ہیں اور غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

