لاہور (این این آئی)پنجاب حکومت کی جانب سے تاریخی عمارتوں کی بحالی کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چینی قونصل جنرل کے سیکنڈ ان کمانڈ آفیسر مسٹر وانگ نے اپنے خاندان کے ہمراہ پونچھ ہاؤس اور بھگت سنگھ کی گیلری کے دورہ کے موقع پر کیا۔ وفد نے سر شادی لال عمارت اور دو گیلریوں (سر شادی لال اور غازی علم دین شہید گیلری) کا بھی دورہ کیا۔ مسٹر وانگ اور دیگر کا استقبال سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احسان بھٹہ کے ساتھ ڈائریکٹر انڈسٹریز محمد جاوید، ڈی جی انڈسٹریز کے افسران، کنسلٹنٹس ملک مقصود اور محمد حسن نے کیا۔ بھگت سنگھ، کورٹ روم اور غازی علم دین شہید کیلئے وقف گیلریوں کے دورہ کے دوران چینی وفد کو بحالی کے کاموں اور عجائب گھر کی گیلریوں کے قیام نے بے حد متاثر کیا جو خطے کی شاندار تاریخ اور ثقافتی ورثے کی نمائش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ان مقامات کی تاریخی، تعمیراتی اور ثقافتی اہمیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ان عمارتوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کرنے میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان کی ذاتی دلچسپی اور نگرانی پر بھی روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ غیر ملکی وفد کا تاریخی عمارتوں کا دورہ پنجاب حکومت کے اپنے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور سیاحت کو فروغ دینے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہیجبکہ بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور پاکستان کے شاندار ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ چینی وفد نے ڈاکٹر احسان بھٹہ اور دیگر افسران کا پرتپاک مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پنجاب حکومت کے محکموں بشمول انڈسٹریز، سی اینڈ ڈبلیو، آرکیالوجی اور پرائس کنٹرول اور کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹس کی شاندار کارکردگی کو بے حد سراہا۔

