ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول کمیٹیاں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں،پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ (این این آئی) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آٹا، گھی، چینی، چاول، دالیں، ادویات سمیت تمام ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں، جس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مسلط کردہ صوبائی حکومت اور اس کی ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول کمیٹیاں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔ ان اداروں کے بعض ذمہ داران ان مافیاز سے رشوت لے کر عوام پر مہنگائی کا طوفان مسلط کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے غریب عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں رہا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ صوبائی حکومت اور تمام ڈویڑنل کمشنرز نے گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جس کے باعث گوشت، سبزیاں، پھل اور دیگر اشیائے ضرورت عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں اور عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں صرف نمائشی کارروائیوں اور تصویروں تک محدود ہیں جبکہ عملی طور پر مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہیں۔پریس ریلیز میں کہا گیا کہ آٹا، دالیں، چاول، انڈے اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غریب عوام کی دسترس سے باہر ہو چکا ہے، اور حکومتی ادارے اس بدترین صورتحال پر قابو پانے میں بے بس ہیں۔بیان کے آخر میں مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر مہنگائی کے اس طوفان کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تمام ڈویڑنل کمشنرز گراں فروش اور ذخیرہ اندوز مافیاز کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ غریب عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں