کوئٹہ(این این آئی) صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ آج بلوچستان کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے ویمن اکنامک انڈومنٹ ڈویلپمنٹ فنڈ صوبے کی خواتین کی معاشی خودمختاری اور بااختیاری کے لیے شروع کیا جانے والا اقدام نہ صرف ایک خواب کی تعبیر ہے بلکہ یہ عملی طور پر خواتین کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے ویمن اکنامک انڈومنٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے اجراء کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین باصلاحیت اور باہمت ہیں، انہیں مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ صوبے اور ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کے لیے انڈومنٹ فنڈ کا قیام ایک ایسا اقدام ہے جو آنے والی نسلوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں سنگ بنیاد ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین کے فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے اور یہ فنڈ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کی جانب ایک سنہری باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ آج کا دن دراصل اس وڑن کی تکمیل کی جانب عملی قدم ہے جس میں خواتین کو ان کا جائز مقام اور حقوق فراہم کرنے کی جدوجہد شامل ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت کے ویژن کا عکاس ہے، جس کا مقصد خواتین کو مواقع فراہم کرکے انہیں ترقی کا ضامن بنانا ہے۔

