پاکستانی ٹیکسٹائلز کی بین الاقوامی نمائشوں میں شان دار روایت برقرار

کراچی(این این آئی)پاکستان نے انٹرٹیکسٹائل شنگھائی ایپیرل فیبرکس اور یارن ایکسپو آٹم 2025 میں 10 نمائش کنندگان کے ساتھ اپنی بھرپور موجودگی برقرار رکھی اور بین الاقوامی خریداروں اور صنعت کار رہنماں کی توجہ حاصل کی۔نیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر(شنگھائی) میں انٹرٹیکسٹائل شنگھائی ایپیرل فیبرکس اور یارن ایکسپو، آٹم ایڈیشن منعقد کی گئی، جس میں پاکستان سے 10 نمائش کنندگان شریک ہوئے۔ ان میں سے 07 نے انٹرٹیکسٹائل شنگھائی ایپیرل فیبرکس (ITSA) میں اور 03 نے یارن ایکسپو میں اپنی مصنوعات پیش کیں۔انٹرٹیکسٹائل شنگھائی ایپیرل فیبرکس میں 26 ممالک کے تقریبا 3,700 ملکی و غیر ملکی نمائش کنندگان شریک ہوئے، جب کہ یارن ایکسپو میں 16 ممالک کے تقریبا 580 نمائش کنندگان نے شرکت کی۔ یہ مضبوط عالمی شمولیت اس نمائش کی حیثیت کو ایک اہم بین الاقوامی مرکز کے طور پر اجاگر کرتی ہے جو تعاون، جدت اور تجارت کے بے مثال مواقع فراہم کرتا ہے۔دنیا بھر سے تجارتی وزیٹرز نے اس میلے میں شرکت کی، جس نے عالمی سورسنگ، نیٹ ورکنگ اور صنعتی تبادلے کے لیے ایک فعال پلیٹ فارم فراہم کیا۔نمائش کنندگان کو اپنے ہدف شدہ خریداروں تک پہنچنے میں مدد دینے کے لیے، میلے میں مختلف پروڈکٹ زونز، گروپ پویلینز اور مخصوص ممالک اور خطوں کے پویلینز کا اہتمام کیا گیا تھا۔پاکستان کے 10 نمائش کنندگان میں سے تین نے انٹرٹیکسٹائل شنگھائی ایپیرل فیبرکس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے تحت پاکستان پویلین میں شرکت کی تھی، جب کہ دیگر چار انٹرٹیکسٹائل شنگھائی اور تین یارن ایکسپو میں آزادانہ طور پر شریک ہوئے۔ اس ایڈیشن میں ملکی صنعت کو نمائش کنندگان اور وزیٹرز کی بین الاقوامی شمولیت سے نمایاں فائدہ حاصل ہوا۔ڈپٹی منیجرمارکیٹنگ ڈائمنڈ فیبرکس لمیٹڈ محمد عبداللہ تنویر نے اس موقع پر کہا ہم نے کئی سنجیدہ بین الاقوامی خریداروں سے ملاقات کی، انٹرٹیکسٹائل شنگھائی بلاشبہ ہماری عالمی رسائی کو بڑھانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے۔ یہ نمائش درست خریداروں کو متوجہ کراتی ہے اور اپنی مصنوعات پیش کرنے کا شان دار موقع فراہم کرتی ہے۔ڈائر یکٹر محمود ٹیکسٹائل ملز خواجہ محمد مظفر اقبال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا یہ نمائش ہمیشہ ہمارے لیے شان دار اور قیمتی رہی ہے، اور ہمارے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم ایک دہائی سے باقاعدہ نمائش کنندہ ہیں۔پاکستان کی انٹرٹیکسٹائل شنگھائی ایپیرل فیبرکس اور یارن ایکسپو میں مسلسل شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک معیاری ٹیکسٹائل کی نمائش اور عالمی منڈیوں میں اپنی موجودگی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں