پسنی (این این آئی) پسنی پریس کلب نے بلوچستان کے نوجوان صحافی، فوٹوگرافر اور ویب چینل گدروشیا پوائنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سرفراز شاہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ پریس کلب کے ترجمان نے کہا ہے کہ کوئٹہ پولیس نے سرفراز شاہ کو کرایہ داری ایکٹ کے تحت ایک جھوٹے اور بوگس مقدمے میں گرفتار کیاجو کہ صحافتی آزادی اور بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ سرفراز شاہ کو ایک رہائشی مکان سے گرفتار کیا گیا ترجمان نے اس اقدام کو مضحکہ خیزقرار دیتے ہوئے اس کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے جھوٹے مقدمات صحافیوں کو ڈرانے اور ان کی آواز دبانے کی کوشش ہیں، جو کہ ناقابل قبول ہیں،پسنی پریس کلب نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرفراز شاہ کے خلاف درج بوگس مقدمہ فوری طور پر خارج کیا جائے اور انہیں رہا کیا جائے۔ ترجمان نے کہاکہ صحافیوں کے خلاف اس طرح کے ہتھکنڈوں سے بلوچستان میں صحافتی آزادی کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، اور یہ عمل جمہوری اقدار کے منافی ہے۔

