بلدیاتی اداروں کے ذریعے ہی ترقی ممکن، بلوچستان کے بلدیات اداروں کو مزید مستحکم بنائیں گے، مشیر بلدیات

کوئٹہ(این این آئی)یپلزپارٹی کے رہنما و صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے ذریعے ہی ترقی ممکن ہے، بلوچستان کے بلدیات اداروں کو مزید مستحکم بنائیں گے ملازمین کے مسائل کا حساس ہے اور جلد ہی تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہوجائیگی بدھ کے روز جھالاوان ہاوس کوئٹہ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و صوبائی مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری سے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور بلدیاتی افسران نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلدیاتی اداروں کو درپیش مالی مسائل، خصوصاً تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ترقیاتی فنڈز کی بندش کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ملاقات کے دوران چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں نے ملازمین کی جاری ہڑتال اور اس کے باعث عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا، جبکہ افسران نے تنخواہوں کی بندش اور بجٹ کی تاخیر کے اثرات پر روشنی ڈالی صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ محکمہ فنانس کی متعلقہ کمیٹی نے تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری دے دی ہے اور رواں ماہ کے اختتام تک تمام ملازمین کو واجب الادا تنخواہیں ادا کر دی جائیں گی انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کی بروقت فراہمی محکمہ بلدیات کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ بجٹ کی بندش سے ترقیاتی عمل رک جاتا ہے، جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں میونسپل کمیٹیوں کی جانب سے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جاتی رہی ہے، تاہم رواں مالی سال میں بعض کمیٹیوں کی جانب سے بروقت بجٹ کی عدم منظوری کے باعث تنخواہوں کی ادائیگی متاثر ہوئی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ ملازمین کی مشکلات کا بخوبی ادراک ہے اور حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق صوبے کی ترقی میں محکمہ بلدیات کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے اجرا کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں