دہشت گردوں کے پولیس ہیڈکوارٹر،لیویز لائن پر حملے،پولیس اہلکار شہید،2زخمی،ایک لاپتہ

کوئٹہ(این این آئی)ضلع شیرانی میں دہشت گردوں کے پولیس ہیڈکوارٹراور لیویز لائن پر حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 2زخمی ہوگئے جبکہ ایک اہلکار تاحال لاپتہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت علی کاکڑ کے مطابق شیرانی میں نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس ہیڈکوارٹر اور لیویز لائن پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار الطاف الرحمن شہید جبکہ 2اہلکارواحدحریفال اور کالو خان زخمی ہوگئے جبکہ ایک لیویز اہلکار اعظم خان تاحال لاپتہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہید اورزخمی ہونے والے اہلکاروں کو ہسپتال پہنچادیا جہاں نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے حملے میں تھانوں کا کمیونیکیشن سسٹم مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ڈی سی شیرانی نے بتایا کہ اعظم خان کی بازیابی کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے اور ژوب انتظامیہ نے واقعے کے فوری بعد بروقت کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام اور سوشل میڈیا رپورٹرز سے اپیل ہے کہ کسی بھی اطلاع کو تصدیق کے بغیر شیئر نہ کریں اور غیر مصدقہ افواہیں پھیلانے سے اجتناب کریں تاکہ علاقے میں خوف و ہراس نہ پھیلے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں