تربت(این این آئی)میونسپل کارپوریشن تربت کے وفد نے آج ڈپٹی کمشنر کیچ جناب بشیر احمد بڑیچ سے اُن کے دفتر میں ایک اہم ملاقات کی۔ وفد میں میونسپل کارپوریشن تربت کے کونسلر طارق بابل، کونسلر شوکت سبزل، کونسلر کہدہ محمد نور، کونسلر کیپٹن چاکر، کونسلر شے خدا بخش، کونسلر شامس بشیر، کونسلر اعجاز ملائی، کونسلر مظفر، کونسلر جعفر اور کونسلر نسیم داد شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے تربت شہر کے اہم مسائل اور عوامی ضروریات پر تفصیلی بات چیت کی۔بالخصوص تربت کے واٹر سپلائی سسٹم، جو اس وقت خستہ حالی اور ناکافی صورتحال کا شکار ہے، اس کی فوری بحالی اور بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو صاف اور معیاری پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
کیچ فیسٹیول کی شاندار اور منظم انداز میں میزبانی، اور نوجوانوں کے لیے اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے وفد کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تربت شہر کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اُن کی اولین ترجیح ہے اور میونسپل کارپوریشن کے ساتھ قریبی روابط کے ذریعے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

