بارکھا ن(این این آئی) صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کا بیان صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و واسا سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان نے بارکھان اور رکنی کے عوام کی سہولت اور خوشحالی کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے، جس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف روزمرہ زندگی میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں بلکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی مثبت تبدیلی آرہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ناہڑ کوٹ روڈ پر پل کی تعمیر سے لہمہ زیرین، ناہڑ کوٹ، وٹاکڑی، گانمبرگ اور کچھی کے عوام کو بارشوں اور دشوار گزار راستوں میں بھی آمدورفت کی سہولت میسر آئے گی اب طلباء کے لئے اسکول اور کالج تک رسائی آسان ہو گئی ہے جبکہ مریضوں کو ہسپتال تک پہنچنے میں درپیش مشکلات میں بھی نمایاں کمی آئے گی انہوں نے کہا کہ بارکھان اور رکنی میں جاری ترقیاتی منصوبے عوام کے لئے سہولت ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہیں۔ عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام منصوبے بروقت مکمل ہوں گے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور بارکھان کے عوام کو تعلیم صحت اور سفری سہولیات کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

