چاغی (این این آئی)تحصیل چاغی کے گاؤں کلی سخی پیر محمد درانی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے ایک معصوم بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی بچے کی شناخت مدثر حسنی ولد میر گل محمد حسنی کے نام سے ہوئی ہے، جسے فوری طور پر آر ایچ سی اسپتال چاغی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے ابتدائی طبی امداد دی جارہی ہے اور کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جارہی ہے۔اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے کے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گلی محلوں اور کلیوں میں آوارہ کتوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے، جس کے باعث بچے اور عام لوگ سخت خطرات سے دوچار ہیں۔اہلیان تحصیل چاغی نے ڈپٹی کمشنر چاغی عطاء المنعیم بلوچ سے پرزور اپیل کی ہے کہ فوری طور پر تحصیل چاغی شہر اور گردونواح کے دیہات میں کتا مار مہم شروع کرائی جائے تاکہ عوام کی جانیں محفوظ رہ سکیں۔

