کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے مرکزی سینئر رہنماچوہدری نعیم کریم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی تعاون کا یہ نیا باب خطے میں استحکام اور ترقی کے نئے دور کی بنیاد رکھے گاپوری قوم وزیراعظم اور سعودی قیادت کی بصیرت اور دوراندیش فیصلوں پر فخر کرتی ہے۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی قیادت کو اس اہم اور تاریخی معاہدے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دفاعی شراکت داری پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو نئی جہت دے گی۔اانہوں نے کہا کہ پاک سعودی اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہے سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا مخلص دوست اور قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف دفاعی میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دے گا بلکہ خطے کے امن، استحکام اور ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستا ن اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک معاہدے پر ولی عہد محمد بن سلمان، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل مبارک باد کے مستحق ہیں، پاکستانی افواج کو مبارک ہو کہ وہ ارض حرمین شریفین کا دفاع کریں گی۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ طاقت کے اظہار کی بجائے دفاع کا ضامن ہو گا اس کا مقصد خطے میں امن کا فروغ اور توازن برقرار رکھنا ہے ایک بار پھر پاک فوج کی صلاحیتوں کا اعتراف ہوا ہے معاہدے سے خطے میں دفاعی استحکام کو دوام ملے گایہ معاہدہ پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن وسلامتی کے فروغ کے لیے تاریخی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے دل ایک دوسرے کے لیے محبت اور احترام سے بھرے ہوئے ہیں خاص طور پر پاکستانی قوم مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے والہانہ عقیدت اور غیر متزلزل احترام رکھتی ہے۔

