جی ڈی اے کے پارکس اور کیفے گوادر میں عوامی تفریح کے نئے مراکز

گوادر (این این آئی)گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت شہر کی جدید طرز پر تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود اور تفریحی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ شہر کے مغربی ساحل پر واقع میرین ڈرائیو نہ صرف ایک شاہراہ ہے بلکہ اپنی دلکش فضا اور سمندر کی لہروں کے حسین نظاروں کی بدولت ایک پرکشش تفریحی مقام کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔
عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے جی ڈی اے نے میرین ڈرائیو پر متعدد ٹک شاپس اور فوڈ پوائنٹس کی سہولیات لوگوں کو فراہم کی ہیں، جہاں شہری اور سیاح شام کے اوقات میں لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ معیاری کھانوں سے مستفید اور مقامی کاروباری سرگرمیوں سے جڑے مواقع حاصل کر رہے ہیں۔ یہ مراکز نہ صرف آمدنی کا ذریعہ ہیں بلکہ شہر کی معاشی سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ کر رہے ہیں۔
پدی زر پارک میں کیفے صدف اور بیچ ماڈل پارک میں تین فیمیل انٹرپرینیورز کی شراکت سے قائم بلوچستان انسائٹ کیفے نمایاں مثالیں ہیں۔ یہاں شہری اور سیاح خوشگوار ماحول میں وقت گزارتے ہیں جبکہ خواتین کے لیے بھی یہ مقامات محفوظ اور پُرلطف ماحول فراہم کرتے ہیں، جہاں وہ کھانوں، خریداری اور فیملی ٹائم سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔
تین سہیلیوں کے اشتراک سے شروع کیا گیا یہ کاروبار آج کامیابی کی نئی منزلیں طے کر رہا ہے، جو گوادر میں خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت کا ایک مثبت اور خوش آئند پہلو ہے۔ یہ پیش رفت نہ صرف شہر کے سماجی و ثقافتی ماحول میں خوشگوار تبدیلی لا رہی ہے بلکہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل بھی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کی ہدایت پر جی ڈی اے نجی شعبے کی شمولیت کے ساتھ مختلف پارکوں، میرین ڈرائیو اور دیمی زر روڈ کے اطراف فوڈ پوائنٹس، کیفے اور ٹک شاپس قائم کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے جمپنگ، کلائمبنگ، واٹر اسپورٹس اور دیگر تفریحی سہولیات متعارف کرانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ یہ اقدامات عوام کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ مقامی افراد کے لیے کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے اور گوادر کی سماجی و ثقافتی زندگی میں خوشگوار تبدیلی کا ذریعہ بنیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں