کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ ان کی سیاست کا بنیادی مرکز اور محور صوبہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی ہے، اور اسی مقصد کے تحت وہ اپنے حلقہ انتخاب میں عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبے شروع کر رہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اس سلسلے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور گرد و نواح میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے پی ایس ڈی پی فنڈز کے تحت مکمل کیے جا رہے ہیں۔افتتاح کیے گئے منصوبوں میں نواکیلی، الخیر ٹاؤن، کلی گل محمد اور دیگر قریبی علاقوں میں سیوریج لائن کی تنصیب، پختہ سڑکوں کی تعمیر اور چار نئے ٹیوب ویلز کی فراہمی شامل ہیں۔ اسی طرح کچھلا اور قریبی دیہات میں بھی صاف پانی کے منصوبے اور دیگر عوامی ضروریات کی تکمیل کے لیے اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیدال خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا بنیادی مقصد ملک کی ترقی اور خوشحالی ہے اور اس سفر میں بلوچستان کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے، اور اسی وژن کے تحت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو صاف پانی، معیاری سڑکیں، بہتر سیوریج سسٹم اور دیگر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عام شہری کی زندگی میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ سیدال خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور مزید فلاحی و ترقیاتی منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور خصوصاً بلوچستان پر اپنا خصوصی رحم و کرم فرمائے، اور قوم کو ترقی، خوشحالی اور کامیابی نصیب کرے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مستقبل تشکیل دیا جا سکے۔

