کوئٹہ(این این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بلدیاتی اداروں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 2 اکتوبر 2025 (بروز جمعرات) کو منعقد ہوں گے۔ ان نشستوں میں ضلع سوراب کی یونین کونسل نمبر 22 انجیرا مہرآباد، سوراب کی میونسپل کمیٹی،ضلع شیرانی کی میونسپل کمیٹی اور یونین کونسل نمبر 08، ضلع کیچ کی یونین کونسل نمبر 37 اور 38اور ضلع ڑوب کی ڈسٹرکٹ کونسل شامل ہیں۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو ریٹرننگ اور پریذائیڈنگ افسر مقرر کیا ہے تاکہ انتخابی عمل شفاف، منصفانہ اور بروقت مکمل ہو سکے۔ مزید برآں، ان افسران کو انتخابی عمل کے دوران مورخہ یکم اور 2 اکتوبر کے اور مجسٹریٹ درجہ اوّل کے اختیارات بھی تفویض کئے گئے ہیں تاکہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ تمام متعلقہ حکام اور ادارے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کریں اور پرامن ماحول میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔

