نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی ملاقات

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری سے ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمن قمبرانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایڈمنسٹریٹر مجیب الرحمن قمبرانی نے چارج سنبھالنے کے بعد میٹروپولیٹن کارپوریشن کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر کی ترقی اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ایڈمنسٹریٹر کو مزید فعال کردار ادا کرنا ہوگا صوبائی مشیر بلدیات نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان حکومت اور محکمہ بلدیات کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے اس موقع پر چیف آفیسر عطاء اللہ بازئی اور ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں