بلوچستان کی زراعت کو ترقی دینے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں،ملازمین کے جائز مسائل فوری حل کئے جائیں،سینئر نائب صدر ایگریکلچر ایمپلائز یونین

کوئٹہ (این این آئی)ایگریکلچر ایمپلائز یونین بلوچستان کے سینئر نائب صدر شاہنواز زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں زراعت کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں اور صوبے کی لاکھوں ایکڑ بنجر زمین کوقابل کاشت بنا کر نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں بلوچستان میں زراعت کو فروغ دینے کیلئے طویل المدتی تحقیق اور نئے تجربات کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہنواز زہری نے کہا کہ بلوچستان کا زرعی شعبہ صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس شعبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ایگریکلچر ایمپلائز یونین بلوچستان کے سینئر نائب صدر شاہنواز زہری نے سیکرٹری محکمہ زراعت اورڈائریکٹر جنرل محکمہ زراعت سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ زراعت ملازمین کے جائز مسائل فوری حل کئے جائیں، سروس رول اور سنیارٹی لسٹ جلد جاری کی جائے،فیلڈ اسسٹنٹ کو گریڈ 11 سے 15 میں پروموٹ کیا جائے، تعلیم یافتہ کوٹا چھ فیصد کیا جائے، بڈڈر کی پوسٹوں پر بیلداروں کو گریڈ6 میں پروموٹ کیا جائے،گریڈ 1سے لیکر15تک کے ملازمین کی سروس بک، جی پی فنڈ مکمل کیاجائے،ٹیکنیکل ملازمین کواپ گریڈ اور پرموشن کے احکامات جاری کئے جائیں،محکمہ ہذا میں فوت شدہ ملازمین کے لواحقین کی تعیناتی کو یقینی بنایاجائے، محکمہ کی تمام ورکشاپس کو فعال،محکمہ ہذا کے بلڈوزروں کی فوری طورپرمرمت کرائی جائے، آئل ٹینکروں سے آئل ایورج کے مطابق ڈیزل مہیاجائے اور سرکاری کالونی کی مرمت کرائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں