کوئٹہ(این این آئی) پاکستان غریبوں کی پارٹی کے صوبائی رہنما وسیم کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت دعووں کے باوجود کوئٹہ شہر کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں اور مہنگے داموں ٹینکر مافیا سے پانی خرید رہے ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں وسیم کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کا دارالخلافہ ہونے کے باوجود پینے کے صاف پانی سے محروم ہے بلوچی اسٹریٹ، کوچہ ملک شریف کرد،دیال باغ، مسجد عثمان غنی گلی سمیت دیگر علاقے گزشتہ طویل عرصے سے پانی سے محروم ہیں اور علاقے کو وال مینوں کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے جب وال مینوں سے پانی فراہم نہ کرنے سے متعلق پوچھا جاتا ہے تو کہتے ہیں کہ ہماری مرضی ہے پانی دیں یا نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل سے عرصے سے بلوچی اسٹریٹ، کوچہ ملک شریف کرد میں پانی کی عدم دستیابی کے بارے میں حکام بالا کو بار بار شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے اورعوام احتجاج پر مجبورہوچکے ہیں اگر فوری طور پر علاقے کے عوام کو پانی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی گئی تو عوام احتجاج پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے صوبائی وزیر واسا سردارعبدالرحمن کھیتران، حلقہ سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی اورسیکرٹری واسا سے بھی اپیل کی کہ وہ عوام کو پانی کی عدم فراہمی کانوٹس لیں۔

