وزیراعظم کا غریب خاندانوں کیلئے 38ارب روپے کا رمضان پیکیج خوش آئند ہے،چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما و فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا غریب خاندانوں کیلئے 38ارب روپے کا رمضان پیکج خوش آئند ہے جس سے 21لاکھ گھرانے مستفید ہونگے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی طرف سے 40ارب روپے کا رمضان پیکیج40لاکھ گھرانوں کیلئے ہر خاندان 10,000روپے ریلیف کا باعث ثابت ہوگا جسے رمضان المبارک کے آغاز سے قبل عملی جامہ پہنایاجائے گا،رمضان المبارک کے موقع پر مخیر حضرات اور صاحب ثروت لوگوں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے اردگرد غریب اور مستحق افراد کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ وہ بھی رمضان کے روزے رکھ سکیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کمزور طبقات کی آواز ہے اورملک میں جب بھی مسلم لیگ(ن) کو اقتدار ملا تو پسے ہوئے طبقات کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملا ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت کی عوامی فلاح وبہبود کی کامیاب کارکردگی کا ثبوت ہے،لیگی قیادت نے ہمیشہ عوام کو ریلیف فراہم کیا،موجودہ حکومت بھی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اشیاء ضروریہ و خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس میں حکومت نے ملک بھر میں اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے اور سبسڈی دینے کیلئے اقدامات اٹھارکھے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے ایک کروڑ21لاکھ گھرانوں کیلئے رمضان پیکیج 38ارب اورہر خاندان کیلئے13,000 روپے ملیں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی طرف سے 40ارب روپے کا رمضان پیکیج40لاکھ گھرانوں کیلئے ہر خاندان 10,000روپے ریلیف کا باعث ثابت ہوگا جسے رمضان المبارک کے آغاز سے قبل عملی جامہ پہنایاجائے گااسی طرح بلوچستان،خیبرپختونخوا اور سندھ حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے پیکجز کا اعلان کرے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک بابرکت مہینہ ہے ہمیں چاہئے کہ اس ماہ مبارک کے دوران اپنے اردگرد مستحق اور غریب افراد کو بھی یا د رکھیں تاکہ وہ بھی رمضان المبارک کے روزے رکھ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں