کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ معاشرے میں کرپشن اور بدعنوانی ایک ناسور کی شکل اختیار کرچکی ہے کرپشن اوربدعنوانی کے خاتمے کے بغیر ملک اور صوبہ ترقی نہیں کرسکتا کرپشن کرنے والوں کو سرعام سزائیں دی جائیں تاکہ دوسرے لوگ عبرت حاصل کرسکیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ اسوقت ملک کا سب سے بڑا کرپشن اور بدعنوانی ہے جس کی وجہ سے ملک اور صوبہ ترقی نہیں کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء،سیکرٹریز اوردیگر بڑے بڑے عہدوں پر بیٹھے افسران سرعام کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث ہیں صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی ٹھیکوں پر 15سے 23پرسنٹ جبکہ سیکرٹریز اوردیگر عملہ الگ سے اپنا حصہ وصول کررہے ہیں جو قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی کی وجہ سے ملک کی جڑیں کھوکھلی ہورہی ہیں جو کسی بھی طرح ملک اور صوبے کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ کئے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔ انہو ں نے کہا کہ نیب،اینٹی کرپشن اوردیگر تحقیقاتی اداروں کو چاہئے کہ وہ کرپشن اوربدعنوانی میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کریں اورکرپشن وبدعنوانی میں ملوث عناصر چاہئے انکا تعلق کسی بھی شعبے سے انہیں گرفتارکرکے سرعام قرار واقعی سزا ئیں دی جائیں تاکہ دیگر افراد ان سے عبرت حاصل کرسکیں۔ لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے ہمیشہ کرپشن،بدعنوانی اوردیگر برائیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کی ہے اورانشاء اللہ آئندہ بھی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

