صوبائی حکومت ترقی اور عوامی فلاح کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ کو بھی اپنی پالیسیوں کا اہم حصہ بنا چکی ہے،صوبائی مشیر نسیم الرحمان خان ملاخیل

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نسیم الرحمان خان ملا خیل سے مختلف وفود نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفود نے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔نسیم الرحمان خان ملا خیل نے وفود کو بتایا کہ صوبائی حکومت ترقی اور عوامی فلاح کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ کو بھی اپنی پالیسیوں کا اہم حصہ بنا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیم، صحت، روزگار، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے ساتھ ساتھ ماحول دوست منصوبوں پر تیزی سے عمل جاری ہے۔ شجرکاری مہمات، آلودگی کے خاتمے اور قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال جیسے اقدامات موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔صوبائی مشیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف ترقیاتی منصوبے مکمل کرنا نہیں بلکہ عوام کے لیے ایک صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی شمولیت کے بغیر ترقی کا عمل ادھورا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہر شہری ماحولیاتی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ وفود نے اس موقع پر حکومت کی ماحولیاتی پالیسیوں اور عملی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے عوامی زندگی میں بہتری اور صوبے میں پائیدار ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں