کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی نوجوان قیادت کی علامت ہیں انکی قیادت میں پیپلزپارٹی نے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا اور عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی بلاول بھٹو زرداری کا وژن ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانے اور عوام کی طاقت کو حقیقی انداز میں آگے بڑھانے پر مرکوز ہے،صوبے میں پیپلز پارٹی کی مخلوط صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہی ہے اور پیپلزپارٹی انشاء اللہ عوام کو مایوس نہیں کریگی۔ یہ بات انہوں نے انہوں نے پیپلز پارٹی ضلع شیرانی کے صدر عبدالرزاق شیرانی،جنرل سیکرٹری شمس خان حریفال اطلاعات سیکرٹری محمد یار شیرانی کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عشائیے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں حاجی ربانی خان خلجی، شہزادہ خان کاکڑ، ندیم احمد خان، موالانا جمال خان کاکڑ، ملک عیسی ملازئی، ملک عبدالعزیز زرکون اور نواز خان مہترزئی سمیت دیگر نے شرکت کی۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،صدر مملکت آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی قیادت میں اپنے منشور پر عمل پیرا ہے اور مزدوروں، محنت کشوں اور عوام کے حقوق کی محافظ ہے۔انہو ں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے قیام سے لیکرآج تک عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اس جدوجہد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے لیکن کبھی بھی اصولوں پرسودے بازی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں فعال اور منظم ہے اورعوام کے حقوق اورانکے مسائل حل کرنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی مخلوط حکومت عوام کے مسائل حل کرنے اور صوبے کوترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے اور وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کاشمار بھی ترقی یافتہ صوبوں میں ہوگا۔

