کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج سے پارٹی کے نومنتخب عہدیداروں صوبائی نائب صدر در محمد ہزارہ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک زیشان حسین، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حیات خان اچکزئی، اور رابطہ سیکرٹری احسان خلجی نے ملاقات کی اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنما وزیراعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن سید اقبال شاہ، مرکزی رہنما سردار سربلند خان جوگیزئی،رکن بلوچستان اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری آئی ٹی صمد خان گورگیج بھی موجود تھے۔نومنتخب عہدیداروں نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت بالخصوص صوبائی صدر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اہم ذمہ داریاں سونپیں۔اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنماوں ثناء اللہ جتک، اختر بلوچ، شاہجہاں گجر، شہزادہ خان کاکڑ، ندیم احمد خان، غلام جان حسن زئی، جبار خلجی، اسد گجر، بشیر لانگو، قیصر بلوچ، اکرم گل، امین جاگل،میر خالد جمالی، مٹھا خان عمرانی، بابو لاشاری، شبیر مگسی اور دیگر نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئی ٹیم بلوچستان میں پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔سینئر رہنماؤں نے صوبے میں ایک فعال اور بہترین کابینہ کی تشکیل پر صوبائی صدر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج کی حکمت عملی اور قیادت کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر نومنتخب عہدیداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی صدر، جنرل سیکرٹری، سیکرٹری اطلاعات، سینیر نائب صدر ودیگر قیادت کی سربراہی میں بلوچستان میں پارٹی کو گراس روٹ لیول پر فعال اور متحرک کرنے کے لیے تمام تر صلاحیتیں کارآمد لائی جائیں گی۔ عہدیداروں نے کہا کہ جیالے اور نظریاتی کارکنان پارٹی کا اصل اثاثہ ہیں۔ بلوچستان کے تمام اضلاع میں کارکنان کے ساتھ رابطوں کی مہم کو تیز کیا جائے گا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

