کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ آئی ٹی منصوبوں کی کامیابی کا پیمانہ محض ناموں کی تبدیلی یا عمارتوں کی تعمیر نہیں، بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار، ملکی برآمدات میں اضافہ اور پائیدار معاشی ترقی ہونا چاہیے۔ حکومت آئی ٹی پارکس کے نام تبدیل کرنے پر توانائیاں صرف کرنے کے بجائے ان کی توسیع اور عملی افادیت پر توجہ دے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت رواں سال کراچی اور کوئٹہ میں آئی ٹی پارکس کے قیام کو یقینی بنائے اور انہیں فری لانسنگ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل کاروبار کے فعال مراکز بنائے، تاکہ نوجوان عالمی منڈی میں اپنی صلاحیتوں سے روزگار حاصل کرسکیں اور ملک کے لیے زرمبادلہ کما سکیں۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ صرف تربیت فراہم کرنا کافی نہیں؛ معیاری اور قابلِ اعتماد انٹرنیٹ، بجلی کی بلاتعطل فراہمی، جدید آلات، آسان قرضوں اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کا انتظام بھی ضروری ہے۔ جامعات اور صنعت کے درمیان عملی تعاون کو فروغ دیا جائے، جبکہ خواتین اور بلوچستان سمیت پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کی ڈیجیٹل تعلیم اور کاروباری مواقع تک رسائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت کو زراعت، صنعت اور معدنیات کے شعبوں میں استعمال کرکے پیداواری صلاحیت بہتر بنائی جاسکتی ہے۔ حکومت آئی ٹی منصوبوں کے لیے روزگار، نئی کمپنیوں کے قیام اور برآمدات میں اضافے کے واضح اہداف مقرر کرے۔ ان منصوبوں کی حقیقی کامیابی تب ہوگی جب ان کے ثمرات نوجوانوں اور ملکی معیشت تک پہنچیں گے۔

