خیبرپختونخوا کی حکومت کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے پر مٹھائیاں تقسیم کرنیوالوں نے تاریخ اور مکافات عمل سے سبق نہیں سیکھا،سینیٹر مولاناعبدالواسع

لورالائی(این این آئی) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے پر مٹھائیاں تقسیم کرنے والوں نے تاریخ اور مکافاتِ عمل سے سبق نہیں سیکھا۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان ملک کے استحکام کی علامت ہیں، ان کے مشوروں کو نظرانداز کرنے والے ہر دور میں رسوا ہوئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع دکی کے بعد جامعہ فریدیہ لورالائی کی سالانہ دستارِ فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ملک و قوم کے لیے دینی مدارس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، جنہیں آبِ زر سے لکھنے کی ضرورت ہے۔ مدارس نے دینی تعلیم کے فروغ، اسلامی اقدار کے تحفظ اور نئی نسل کی علمی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ضلع دکی کے دورے کے دوران صوبائی امیر مولانا عبدالواسع جامعہ دارالعلوم پرانا دکی بھی پہنچے، جہاں انہوں نے مختلف دینی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر انہوں نے شیخ الحدیث مولانا محمد دین کی وفات پر ان کے لواحقین سے تعزیت اور اظہارِ افسوس کیا، جبکہ مولوی عین الدین کے بھائی کی وفات پر بھی تعزیت کی۔ انہوں نے مولوی عبدالغفور اخوندزادہ کے والد مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی کی اور مولانا عبدالمجید ندیم کے والد شیخ الحدیث مولوی عبد الستار کی وفات پر بھی اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں صوبائی امیر مولانا عبدالواسع اخوندزادہ ہاؤس دکی پہنچے، جہاں انہوں نے مرحوم عبدالرؤوف اخوندزادہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت، جبکہ پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں