کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ کے آفس سے جاری ہونے والے ایک سرکلر کے مطابق ضلع ویسٹ کے تمام نجی اسکولوں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے مطابق موسمِ سرما کی تعطیلات کی مکمل فیس وصول نہ کی جائے۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تعطیلات کی فیس وصول کرنے والے نجی اسکول طلبہ سے وصول شدہ فیس کا 50 فیصد واپس کریں یا آئندہ ماہ کی فیس میں ایڈجسٹ کریں۔مراسلے کے مطابق احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف اسکول سیل کرنے، رجسٹریشن منسوخی کی سفارش اور توہینِ عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ ویسٹ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام نجی اسکولوں کو ان احکامات پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے اور تین دن کے اندر تعمیلی رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائی جائے۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ موسمِ سرما کی تعطیلات کے دوران کلاسز جاری رکھنے والے اسکول حاضری کا ریکارڈ اور تعلیمی سرگرمیوں کے ثبوت متعلقہ ڈائریکٹوریٹ کو فراہم کرنے کی شرط پر اس مدت کی فیس وصول کر سکتے ہیں۔

