وزیراعلیٰ پنجاب کا مستحق افراد کے لیے فلاحی پروگرام ”مریم کو بتائیں“ کا آغاز

لاہور(این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مستحق افراد کے لیے ایک نئے فلاحی پروگرام ’مریم کو بتائیں‘ کے اجرا کا اعلان کردیا ہے۔سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ یکم رمضان المبارک سے ضرورت مند خاندانوں کی فوری مالی معاونت کے لیے ’مریم کو بتائیں‘ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوگا، جس کے تحت مالی مشکلات کا شکار افراد 24 گھنٹے کے اندر 10 ہزار روپے تک امداد حاصل کرسکیں گے۔وزیراعلیٰ کے مطابق یکم رمضان سے مریم کو بتائیں ہیلپ لائن 1000 فعال ہوجائے گی، جہاں ضرورت مند افراد کال کرکے 10 ہزار روپے کی مالی امداد کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ اس کے علاوہ امداد کے خواہشمند شہری ویب پورٹل یا موبائل ایپ پر اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کرکے بھی درخواست جمع کرا سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ای آر میں رجسٹرڈ درخواست گزاروں کو اس پروگرام کے تحت مالی امداد 24 گھنٹے کے اندر منتقل کردی جائے گی جبکہ غیر رجسٹرڈ افراد کی تصدیق اور رجسٹریشن کے لیے 4 دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ہر ضرورت مند تک حکومتی وسائل کی رسائی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کوئی بھی مستحق فرد امداد سے محروم نہ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں