پاکستان اور چین کے درمیان دوستی سڑکوں کی تعمیر سے خلائی تحقیق و تسخیر کی طرف بڑھ رہی ہے،احسن اقبال

بیجنگ (این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی سڑکوں کی تعمیر سے خلائی تحقیق و تسخیر کی طرف بڑھ رہی ہے۔وہ چین کے ہونان سیٹلائٹ سپیس ٹیکنالوجی اور دیگر اداروں کے دورہ کے موقع پر متعلقہ حکام سے گفتگو کررہے تھے۔وزیر منصوبہ بندی نے چینی کمپنی سی آرآر سی کو ایم ایل-1 منصوبے کے لیے مسابقتی لاگت پر حصہ لینے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان ریلوے کامستقبل جدید، موثر اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے سپیس ٹیکنالوجی میں نیا باب رقم کرنے جا رہے ہیں، خلائی ٹیکنالوجی پاکستان کے قومی ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں مدد کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہونان سیٹلائٹ سپیس ٹیکنالوجی اور پاکستانی انجینئرز باہمی تعاون سے سیٹلائٹس تیار کر رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان اور چین خلائی ٹیکنالوجی میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔دریں اثناء وزیر منصوبہ بندی نے چینی کمپنی سی آر آر سی ڑوڑو لوکوموٹیو کمپنی لمیٹڈ کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے سی آرآر سی کو ایم ایل-1 منصوبے کے لیے مسابقتی لاگت پر حصہ لینے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان ریلوے کامستقبل جدید، موثر اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ لوکوموٹیو پلانٹ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر توجہ دے رہے ہیں،ریلوے کے شعبہ میں تعاون سے روابط میں انقلاب آئے گا، اخراجات کم ہوں گے اور پاکستان میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر جدید ریلوے کا مستقبل آگے بڑھا رہے ہیں۔وزیر منصوبہ بندی نے ذوزھو ٹائمز نیو میٹیریل ٹیکنالوجی کمپنی کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے بیس ممالک کے مندوبین کے وفد کی قیادت کی۔ وفد کو کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق پر بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید مٹیریل سائنس صنعتی ترقی اور انفراسٹرکچر کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو کے تناظر میں نئی ٹیکنالوجیز سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا، پاکستان اور چین سائنسی تعاون کو وسعت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنعتی جدت معیشت کو عالمی مسابقت کے قابل بناتی ہے، پاکستان چینی ٹیکنالوجی سے سیکھ کر اپنی صنعت اور معیشت کو جدید خطوط پر استوار کر سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں چین کی پیش رفت دنیا کے لئے مشعل راہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں