بلوچستان کے عوام عالمی سطح پر اپنی مثبت شناخت اور ترقی کے خواہاں ہیں،سینیٹرثمینہ ممتاز زہری

نیویارک / اسلام آباد (این این آئی) سینٹ آف پاکستان کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے امریکہ میں اقوامِ متحدہ کے زیراہتمام منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کا موضوع غیر متعدی امراض کی روک تھام و کنٹرول، ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کے فروغ تھا۔ اس موقع پر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک مؤثر خطاب کیا۔اپنے خطاب میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان بالخصوص صوبہ بلوچستان کے عوام عالمی سطح پر اپنی مثبت شناخت اور ترقی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین اپنے وسائل، ثقافت اور عوامی خدمات کے اعتبار سے ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہے اور انہیں فخر ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بلوچستان کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہی ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے عوام عالمی سطح پر اپنی مثبت شناخت اور ترقی کے خواہاں ہیں اور وہ اس خواہش کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عوام کی صحت، ذہنی تندرستی اور فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر مربوط اقدامات کرتا رہے گا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی بین الاقوامی اجلاس میں شمولیت اور مؤثر خطاب کو پاکستان خصوصاً بلوچستان کے لیے ایک اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔باشعور عوامی حلقوں نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان بالخصوص بلوچستان کی مؤثر نمائندگی کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ عوامی،سماجی و سیاسی اور اعلیٰ مقتدر حلقوں میں بین الاقوامی سطح پر اس کامیاب نمائندگی کو پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کے لیے ایک اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔اُن کا کہنا ہے کہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان کی بیٹی ہونے کا حق ادا کر دیا اور دنیا بھر کے نمائندوں کے سامنے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے زیراہتمام اعلیٰ سطحی اجلاس میں نہایت مؤثر اور جرات مندانہ خطاب کرتے ہوئے پاکستان بالخصوص صوبہ بلوچستان کی بھرپور ترجمانی کی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے عالمی رہنماؤں کے سامنے یہ حقیقت اجاگر کی کہ بلوچستان اپنے قدرتی وسائل، ثقافتی ورثے اور عوامی خدمات کے لحاظ سے ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہے۔ عوامی و سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے دنیا کے سامنے نہایت باوقار انداز میں بلوچستان اور پاکستان کی بھرپور ترجمانی کر کے حقیقی معنوں میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔یہ امر نہایت قابلِ فخر ہے کہ ایک بیٹی نے نہ صرف مادر وطن پاکستان بلکہ اپنے صوبہ بلوچستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے دنیا بھر کے نمائندوں کے سامنے اپنے عوام کی آواز کو طاقتور انداز میں بلند کیا اور صحت، ذہنی تندرستی اور فلاح و بہبود جیسے اہم ترین موضوعات پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ ان کا خطاب نہ صرف پاکستان بلکہ بلوچستان کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے جس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ بلوچستان کی بیٹیاں عالمی سطح پر اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں