ژوب،گورنربلوچستان کی رہائش گاہ پر فائرنگ،2پولیس اہلکاروں سمیت5افرادزخمی

ژوب(این این آئی) ژوب میں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل کی نجی رہائش گاہ پر فائرنگ سے 2پولیس اہلکاروں سمیت5افرادزخمی ہوگئے۔ ژوب پولیس کے ضلعی سربراہ ایس پی شوکت مہمند نے بتایا کہ گورنر بلوچستان کی نجی رہائش گاہ ’جانان ہاؤس‘ میں تعینات پولیس اہلکار کی جانب سے اتفاقی فائرنگ کی وجہ سے واقعہ پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ رہائش گاہ کے اندر موجود پولیس اہلکار کے ہاتھ میں موجود سرکاری رائفل سے غلطی سے گولیاں چل گئیں۔ایس پی شوکت مہمند نے تصدیق کی کہ فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار اور تین طلبہ زخمی ہوئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ایس ایچ او محمد ایوب مندوخیل کے مطابق ’واقعہ غلطی سے پیش آیا پولیس اہلکار رائفل کے چیمبر میں پھنسی گولی نکالنے کی کوشش کررہا تھا کہ اس دوران اس کی انگلی سے ٹرگر دب گیا رائفل برسٹ موڈ پر تھا اس لیے گولیاں چل گئیں۔ایس ایچ او محمد ایوب مندوخیل کے مطابق وہ اور ڈی ایس پی بھی گولیوں سے بال بال بچے رائفل کا رخ زمین کی طرف تھا اس لیے نقصان کم ہوافائرنگ کے وقت گورنمنٹ ڈگری کالج ژوب کے 100 سے زائد طلبہ گورنر بلوچستان سے ملاقات کی غرض سے ان کی نجی رہائشگاہ پر موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار حوالدار حبیب الرحمان اور سپاہی روزی خان، جبکہ تین طلبہ صادق شاہ، ذوالقرنین اور محمد ایاز شامل ہیں۔زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال ژوب کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں سے شدید زخمی محمد ایاز کو مزید علاج کے لیے سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں